کاروار15/ستمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے کئی تعلقہ جات میں مناسب مقدار میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور کاشت کارمشکلات میں پھنس گئے ہیں۔اس پس منظر میں ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے ریوینیو اورکاشت کاری محکمہ کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد از جلد کھیتی باڑی کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔ضلع پنچایت میں محکمہ جاتی افسران کے ساتھ منعقدہ کے ڈی پی میٹنگ میں انہوں نے یہ بات کہی۔
محکمہ کاشت کاری کے جوائنٹ ڈائریکٹر ہونپّا گوڈانے کہا کہ امسال ضلع میں مجموعی طور پر اب تک 1928ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو کہ اس موسم میں درکار مقدار سے 22 فیصد کم ہے۔ جبکہ ہلیال میں 60فیصد، یلاپور میں 46 فیصداور منڈ گوڈ میں 42 فیصدی بارش کم ہوئی ہے۔اس کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی کم بارش ہونے کی رپورٹ ہے۔ ان علاقوں میں فصلوں کی تباہی کا جائزہ لینے سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
ضلع پنچایت صدر نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا کہ ضلع شمالی کینرا میں 41 آنگن واڈی اسکولوں کی مرمت کی جارہی ہے۔ اس کام کو 15نومبر تک مکمل کیا جانا چاہیے۔ تمام آنگن واڈی اسکولوں کو درکار سہولتیں بروقت فراہم کی جانی چاہیے۔کے آر ڈی آئی ایل کی طرف سے مزید 12آنگن واڈی اسکول عمارتوں کی تعمیر کی جارہی ہے اور ان میں ۲ عمارتوں کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ بقیہ عمارتوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔
انہوں نے افسران سے کہا کہ طلباء کے لئے ملنے والی امداد میں بچوں کو شو فراہم کیے جائیں۔ گیسٹ ٹیچروں کی تعیناتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، اسے بھی جلد سے جلد مکمل کرلیا جائے۔محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وبائی امراض سے بچاؤ اور علاج کے بارے میں ہر تعلقہ میں بیداری پیدا کرنے کا کام ہونا چاہیے۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی بھرتی کا کام کیا جارہا ہے۔ ایم بی بی ایس ڈاکٹرس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بی اے ایم ایس اور دیگر آیوش ڈاکٹروں کو بھرتی کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام میں ضلع پنچایت کے اسسٹنٹ سکریٹری آر جی نائک اور دیگر افسران موجود تھے۔